بھٹکل:۱۷/ستمبر (ایس او نیوز)بھٹکل کی تاریخ میں پہلی بار نیشنل لیول کبڈی ٹورنامنٹ کا انعقاد ہونے جارہا ہے جو ڈسمبر30, 31 اور یکم جنوری کو بھٹکل کے گروسدھیندرا کالج میدان میں منعقد ہوگا۔ یہاں ایک پرائیویٹ ہوٹل میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ممبئی پرو کبڈی ٹیم کے کوچر روی شٹی نے بتایا کہ یہ ٹورنامنٹ جے ڈ ی نائک ابھیمانی بلگا بھٹکل ، کٹے ویرا اسپورٹس کلب بھٹکل اور پرشورام اسپورٹس کلب بھٹکل کے اشتراک سے رکھا گیا ہے جسے بھارت امیچور کبڈی اسوسی ایشن اور کرناٹکا امیچور کبڈی اسوسی ایشن کا تعاون حاصل ہے۔ اس سہ روزہ ڈے اینڈ نائٹ کبڈی ٹورنامنٹ میں ائیر انڈیا، اؤ این جی سی ، بھارت پٹرولیم سمیت ملک کے مختلف علاقوں سے 16ٹیمیں حصہ لیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ مقامی سطح پر 2 ٹیموں کو ٹورنامنٹ میں موقع دیا گیا ہے۔ بنگلورو سے 4 اوربیرونی ریاست کی 10ٹیموں کو دعوت دی گئی ہے۔ پروکبڈی میں حصہ لینے کے لئے 90 فی صد رجسٹرڈ کھلاڑی بھٹکل ٹورنامنٹ میں کھیلیں گے ۔ بھٹکل میں پہلی مرتبہ میاٹ کا استعمال کرتے ہوئے دو میدان تیار کئے گئے ہیں۔
پرو کبڈی کے سوپر ٹیاکل ، 30سکینڈ رائڈ کا اصول اپنایا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ میں اول انعام ٹروفی کے ساتھ 2،25،000 روپئے نقد، دوسرام انعام ٹروفی کے ساتھ 1،50،000رو پئے نقد دیا جائے گا۔ اسی طرح سیمی فائنل میں پہنچے والی بقیہ دو ٹیموں کو75/75 ہزار روپئے انعام دیا جائے گا۔ ریاستی امیچور کبڈی اسوسی ایشن کے نائب صدر سورج نائک سونی نے بات کر تے ہوئے کہاکہ دیہی کھیل کبڈی کے بھٹکل میں بے شمار شائقین پائے جاتے ہیں ، لہٰذا ٹورنامنٹ کی کامیابی کے لئے تما م لوگوں کا تعاون بہت ضروری ہے۔ جے ڈی نائک ابھیمانی بلگا کے صدر ناگیش دیواڑیگا نے پریس کانفرنس میں کہاکہ ٹورنامنٹ کی منظوری لینے کے لئے آئی ایف ایس آفیسر دامودر کا بہت بڑا تعاون رہا ہے۔ بھٹکل بلدیہ صدر محمد صادق مٹا، سابق کبڈی کھلاڑی عنایت اللہ شاہ بندری ، بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے صدر امتیاز ادیاور، کٹے ویرا اسپورٹس کلب کے صدر شری دھرنائک، پرشورام اسپورٹس کلب کے صدر وینکٹیش دیواڑیگا، جی جی شنکر، کمارنائک، سچن نائک، کے سلیمان ، سریش نائک وغیرہ موجودتھے۔ پریس کانفرنس کے دوران ہر ایک نے اپنی اور اپنے ادارے کی جانب سے کبڈی ٹورنامنٹ کے لئے ہرممکن تعائون دینے کا یقین دلایا۔